35 روزہ ’ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی‘ 26 ستمبر سے شروع ہوگا

  کراچی: آرٹس کونسل کراچی کے صدر محمد احمد شاہ نے اعلان کیا ہے کہ 35 روزہ ’ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی‘ 26 ستمبر سے شروع ہوگا جس میں 40 ممالک کے فنکار حصہ لیں گے۔

’ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی‘ کے حوالے سے پریس کانفرنس کا انعقاد حسینہ معین ہال میں کیا گیا جس میں محمد احمد شاہ، معروف دانشور و مزاح نگار انور مقصود، اداکار و تھیٹر ڈائریکٹر خالد احمد، پروفیسر اعجاز احمد فاروقی اور قدسیہ اکبر نے بریفنگ دی۔

اس موقع پرمحمد احمد شاہ نے کہا کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے 26 ستمبر سے شروع ہونے والا ’ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی‘ 30 اکتوبر 2024ء تک جاری رہے گا۔

انہوں نے بتایا کہ فیسٹیول میں 34 سے زائد ممالک حصہ لیں گے جس میں فلسطین، ترکیہ، بھارت، متحدہ عرب امارات، امریکا، برطانیہ، جرمنی، آسٹریلیا، روس، مصر، جنوبی افریقہ، اٹلی، جاپان، سری لنکا، ساؤتھ کوریا، ناروے، برازیل، اسپین، بیلجیئم، یوکرین، اومان، قطر، زمبابوے، آزربائیجان، فرانس، یوگنڈا، بیلاروس، آئرلینڈ، کوسووو، برونڈی، کانگو، روانڈا اور دیگر شامل ہیں۔

صدر آرٹس کونسل کراچی نے کہا کہ ’ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی‘ میں 100 سے زائد کلچرل پرفارمنسز ہوں گی اور 350 سے زائد فنکار پرفارم کریں گے جبکہ پاکستان اور بین الاقوامی تھیٹر، میوزک، ڈانس گروپ کی پرفارمنس کے علاوہ فائن آرٹ بھی فیسٹیول میں شامل ہیں۔

انور مقصود نے کہا کہ علامہ اقبال نے بھی ایک خواب دیکھا تھا ایک خواب احمد شاہ نے دیکھا ہے۔ 35 ملکوں کو ایک جگہ جمع کرنا ایک خواب ہی ہے، لیکن احمد شاہ کر رہے ہیں یہ پروگرام تو ضرور کامیاب ہو گا۔

The post 35 روزہ ’ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی‘ 26 ستمبر سے شروع ہوگا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو » انٹرٹینمنٹ https://ift.tt/gGcaOb5

Post a Comment

0 Comments