فیفا صدر کا ورلڈ کپ 2030 کے حوالے سے بڑا اعلان

(12 جولائی 2026): فیفا صدر جیانی انفینٹینو نے 2030 کے ورلڈ کپ کے حوالے سے اہم اعلان کر دیا ہے، جس سے فٹبال شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جیانی انفینٹینو نے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ فیفا حکام 2030 کے ایونٹ سے قبل ورلڈ کپ میں مزید 16 ٹیموں کی شمولیت کے امکان کا جائزہ لیں گے، ٹیموں کی تعداد 48 سے بڑھا کر 64 کرنا فائدہ مند ہو سکتا ہے۔

جیانی انفینٹینو نے بتایا کہ ٹیموں کی تعداد میں توسیع یقیناً ایک ایسا معاملہ ہے جس پر اس ورلڈ کپ کے بعد متعلقہ کمیٹیوں میں جائزہ لیا جائے گا اور بحث کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ: سیمی فائنل لائن اپ مکمل، کون کس سے ٹکرائے گا؟

انہوں نے کہا کہ جب آپ ورلڈ کپ کا انعقاد کرتے ہیں تو یہ ضروری ہے کہ اسے صرف یورپ اور جنوبی امریکا کیلیے نہیں، بلکہ پوری دنیا کیلیے منعقد کیا جائے، ہر ملک کو ورلڈ کپ میں شرکت کا خواب دیکھنے کی اجازت ہونی چاہیے۔

’آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ٹیموں کا معیار انتہائی بلند ہے اور دنیا بھر میں یہ مزید بہتر سے بہتر ہوتا جا رہا ہے۔ اگر آپ چھوٹے ممالک کو ورلڈ کپ میں حصہ لینے کا موقع نہیں دیں گے، تو ان کے پاس اپنی کارکردگی کو مسلسل بہتر بنانے کا کوئی جذبہ نہیں رہے گا۔‘

واضح رہے کہ 1998 سے لے کر 2022 تک ورلڈ کپ میں 32 ٹیمیں شامل ہوا کرتی تھیں، تاہم اس وقت جاری فیفا ورلڈ کپ 2026 ایسا پہلا ایڈیشن ہے جس میں 48 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

فیفا صدر نے انٹرویو میں مزید کہا کہ وہ 48 ٹیموں کے فارمیٹ کو ایک بڑی کامیابی تصور کرتے ہیں۔

ٹیموں کی تعداد 64 تک بڑھانے کا مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ جنوبی امریکی ممالک میں سے ہر ایک ملک صرف ایک میچ کی میزبانی کرنے کے بجائے، چار ٹیموں کے ایک پورے گروپ کی میزبانی کر سکتا ہے۔



from ARY News Urdu- Sports- کھیل https://ift.tt/wbMXech

Post a Comment

0 Comments